وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نےروس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں چینی ہم منصب وین جیاباؤ سے ساتھ ملاقات کی،دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا، اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ پاک چین تجارت سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تبت اورتائیوان کے معاملے پر چین کے موقف کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، عالمی برادری افغانستان میں عالمی افواج کے انخلا کے بعد پاکستان کے لئے مشکلات پیدا نہیں ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان میں موجود تیس لاکھ افغان مہاجرین کوبھول چکی ہے۔ سید یوسف رضاگیلانی نے اس موقع پر عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ اداکیا۔ چین کے وزیراعظم وین جیاباؤ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی خلاف پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اورافغان مسئلے کا علاقائی حل ہی پائیدارہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی خودمختاری کے لئے غیرضروری دباؤ کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ وین جیاباؤ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں اورخطے کے عوام کو اس کا فائدہ ہونا چاہئے،چینی وزیراعظم کاکہناتھا کہ اکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنائیں گے۔