عید الاضحی مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے، ملک بھرمیں نمازعید کےچھوٹےبڑے اجتماعات منعقد ہوئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، راولپنڈی میں لیاقت باغ اورعید گاہ کے علاوہ سینکڑوں مساجد اور دیگر مقامات پر نماز عید ادا کی گئی،صوبائی دارالحکومت لاہورمیں کھلےمقامات، مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں سمیت سات سو سےزائد نمازعید کے بڑے اجتماعات ہوئے ۔ سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جہاں گورنر پنجاب اور دیگر شخصیات نے نماز ادا کی ، داتا دربار میں مولانا رمضان سیالوی نے نماز عید پڑھائی نماز میں چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اعجاز احمد چوہدری شریک ہوئے، جامع مسجد منصورہ میں سید منور حسن اور قذافی سٹیڈیم میں حافظ سعید نے نمازپڑھائی ۔ مسجد دارالاسلام نواب پیلس ایمپریس روڈ، جامعہ نعیمیہ ، جامعہ المنتظر جامعہ اشرفیہ ، میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے ، کراچی کےسات سومقامات پرعید کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔ مرکزی اجتماع باغ جناح گراونڈ میں ہوا، نشترپارک، سبیل والی مسجد کورنگی عیدگاہ اور فیڈرل بی ایریا گراونڈ میں بھی نمازعید کے اجتماعات ہوئے۔ پشاور اور کوئٹہ کی سینکڑوں مساجد سمیت ملک بھر میں نماز عید ادا کی گئی ۔ اس موقع پرملکی سلامتی، استحکام اورخوشحالی سمیت کشمیراورفلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، علماء نے سنت ابراہمی کے حوالے سے خصوصی خطاب بھی کئے

ای پیپر دی نیشن