لاہور (پ ر) جماعت اسلامی این اے 128 کے امیر عبدالعزیز عابد نے کہا کہ حضور نبی کریم سے محبت ایمان کی شرط ہے، گستاخانہ فلم کی تیاری اور اس کی نشریات سب سے بڑی مذہبی دہشت گردی ہے۔ مانگا منڈی میں کارنر میٹنگ اور فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے خلاف مذہبی دہشت گردی پر امریکہ اور مغربی دنیا بری الذمہ نہیں بلکہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اس سازش میں برابر شریک ہیں۔ نمائندہ جماعت اسلامی این اے 128 میاں ظہور احمد وٹو نے کہاکہ اسلام تو اقلیتوں کے حقوق کا علمبردار مذہب ہے، پوری دنیا سے شکست خوردہ امریکیوں کا بوریا بستر گول ہو رہا ہے، امریکہ سمیت پوری دنیا میں مسلمان اقلیتوں کے حقوق پر بار بار ڈاکہ اقلیتوں کے حقوق کے علمبردار امریکہ اور مغربی دنیا کے لئے سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مصر، تیونس اور ترکی کی طرح امریکی غلامی میں اندھے حکمرانوں سے نجات حاصل کریں اور انتخابات کے ذریعہ سے کرپٹ اور آئین و قانون کے باغی لوگوں کی بجائے دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں تاکہ اسلامی انقلاب کی راہیں ہموار ہوسکیں۔