لاہور (لیڈی رپورٹر) ام المومنین حضرت خدیجة الکبریٰؓ دنیا بھر کی مسلم خواتین کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں وہ کامیاب بزنس ویمن تھیں جنہوں نے اپنی تمامتر دولت اسلام کی راہ میں قربان کر دی۔ مقررین نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز بزنس اینڈ پروفیشنل ویمنز آرگنائزیشن کے ز یر اہتمام منعقدہ خدیجة الکبریٰؓ کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ مقررین میں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذکیہ شاہنواز، ممتاز دانشور اوریا مقبول جان، پاکستان فیڈریشن آف بزنس اینڈ پروفیشنل ویمن آرگنائزیشن کی صدر سلیمہ رئیس الدین احمد، سینئر نائب صدر نسرین مہدی، لاہور چیپٹر کی صدر ناہید صادق، مسلم لیگ ق شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فرخ خان و دیگر شامل تھے۔ تلاوت ندا فاطمہ نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر نوشین حامد معراج نے انجام دئیے۔ اس موقع پر دانشور اوریا مقبول جان نے خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجة الکبریٰؓ بے مثال خاتون تھیں۔ نبی کریم آپؓ کے وصال کے بعد بھی انہیں یاد فرماتے رہتے۔ آپ نے فرمایا ”خدیجہؓ نے مجھے اس وقت پناہ دی جب پورے مکہ میں کوئی مجھے پناہ دینے والا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپؓ اپنے گھر کو نظرانداز کرتیں تو ہمیں کبھی حضرت فاطمہؓ جیسی ماں نہ ملتیں جن کی گود میں حضرت امام حسینؓ نے پرورش پائی۔ بعدازاں مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی 8 خواتین فرسٹ ویمن بنک کی صدر شفقت سلطانہ، وائس چانسلر گلگت یونیورسٹی ڈاکٹر نجمہ نجم، پروفیسر ڈاکٹر خالدہ ترین، چیئرپرسن سمائیل آمین فا¶نڈیشن مسرت مصباح، ڈاکٹر اختر ملک، ثریا اللہ دین، شرمین عبید چنائے، ارفع کریم رندھاوا کو خدیجة الکبریٰ گولڈ میڈلز اور دو خواتین نسرین مہدی اور قیصر حسن کو قائداعظم سلور میڈلز دئیے گئے۔ ارفع کریم کا ایوارڈ ان کی والدہ ثمینہ امجد جبکہ شرمین چنائے کا ایوارڈ ان کی دادی عذرا سید نے وصول کیا۔ کانفرنس میں کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، حیدر آباد اور لاہور سے خواتین مندوبین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
”حضرت خدیجہ الکبریٰ ؓمسلم خواتین کیلئے رول ماڈل‘ کامیاب بزنس ویمن تھیں“
Nov 07, 2012