لاہور(خصوصی رپورٹر+نمائندگان خصوصی) پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی ریاض کاٹھیا نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز حاجی ریاض کاٹھیا اور خالد عثمان کاٹھیا نے ایوان وزیر اعلی میں حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی اور نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں آمد پر حاجی ریاض کاٹھیا اور خالد عثمان کاٹھیا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔ حاجی ریاض کاٹھیا اور خالد عثمان کاٹھیا کا تعلق ضلع ساہیوال سے ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے بقول محترمہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کی قاتل لیگ اور زندگی بھر پیپلزپارٹی کو اپنے بزرگوں کا قاتل قرار دےنے والے ق لیگ والے اقتدار کی لالچ میں بیوی اور باپ کے قاتلوں کو ایوان صدر میں گلے لگائے بیٹھے ہیں لےکن قوم دونوںکو اقتدار سے بھگا کر دم لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 92 کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ مےں مسلم لیگ ن گوجرانوالہ کے امیدوار نواز چوہان کے ڈیرے پر کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی بیرسٹر عثمان ابراہیم، محمود بشیر ورک، شاہین اشفاق، شیخ ممتاز ہاشمی، شازیہ اشفاق مٹو، چودھری اسماعیل گجر، مستنصر گوندل، عبدالرﺅف مغل، توفیق بٹ، چودھری نثار اقبال بٹر ودیگر بھی موجود تھے۔ حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور خوشحالی پاکستان دو الگ الگ چیزیں ہیں اورصدر کے حواریوں نے ملک کو بیروزگاری، مہنگائی، لاقانونیت اور کرپشن کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ پی پی 92کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے فتح یاب ہوگی۔