اگلے سال تک اضافی بجلی پاکستان کو برآمد کرنے کیلئے تیار ہیں: سکھبیر سنگھ

Nov 07, 2012

لاہور (کامرس رپورٹر) بھارتی پنجاب کے نائب وزیراعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل نے پاکستان کو اپنی سرپلس بجلی فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے ان کے مطابق سال 2013ءتک بھارتی پنجاب میں زیر تعمیر پاور پراجیکٹس مکمل ہو جائیں گے اور اضافی بجلی پاکستان کو برآمد کرنے کے لئے تیار ہیں، دونوں ممالک کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھائیں کیونکہ باہمی تجارت دس ارب ڈالر تک پہنچائی جاسکتی ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سکھبیر سنگھ بادل نے کہا کہ بھارتی پنجاب میں زیادہ تر بجلی کوئلے جبکہ پانچ سو میگاواٹ بجلی بایوماس اور چاول کے بھوسے سمیت دیگر متبادل ذرائع سے پیدا کی جارہی ہے۔ اگلے پانچ سال کے دوران سولر ذرائع سے مزید پانچ سو میگاواٹ بجلی پیدا کرکے نیشنل گرڈ میں شامل کردی جائے گی۔ بھارتی پنجاب میں زرعی شعبے کو بجلی مفت جبکہ صنعتی شعبے کو ارزاں نرخوں پر دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت دو ارب سے بڑھاکر دس ارب ڈالر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی تاجروں کے لیے وسیع تجارتی مواقع ہیں، انہیں اپنی مقابلہ کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں