”ایم کیو ایم کراچی میں طالبان کی موجودگی کا پراپیگنڈا کر کے اپنے جرائم نہیں چھپا سکتی“

Nov 07, 2012

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ قوم کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں صرف اور صرف اللہ کا نظام چاہئے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے دہشتگردوں نے 25 سال سے پورے شہر کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ طالبان کا پروپیگنڈا کر کے الطاف حسین اپنے جرائم نہیں چھپا سکتے۔ گذشتہ چار سالوں میں 9 ہزار سے زائد افراد کو ناحق قتل کر دیا گیا۔ کراچی کی خوفناک صورتحال پر ”الطاف حسین کے بھتہ مافیا یا قائداعظم کا کراچی“ کے حوالے سے ملکی سطح پر ریفرنڈم ہونا چاہئے۔ کراچی کے عوام بھتہ مافیا اور بوری بند لاشوں سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی انتہائی مخدوش صورتحال، بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، بوری بند لاشوں کا سلسلہ اور بھتہ وصولی کے لئے سرعام پرچیوں کی تقسیم سندھ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مفاہمت کی سیاست نے پورے ملک اور بالخصوص کراچی کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے۔

مزیدخبریں