چوک سرور شہید(نامہ نگار) نامعلوم شخص نے رات کو گھر میں داخل ہوکر اڑھائی سال قبل عیسائیت چھوڑ کر مسلمان ہونے والے میاں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تفصیل کے مطابق چوک سرورشہید کے نواحی گاﺅں چک نمبر586/TDA میں میاں بیوی محمد علی ولد جونا مسیح، کنیز فاطمہ جنہوں نے مبینہ طور پر تقریباً دو سال قبلاسلام قبول کرکے اور عیسائیت ترک کرکے آپس میںشادی کی تھی اور شیخو پورہ سے یہاں آکر آباد ہوئے تھے، کو نامعلوم شخص نے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ دونوں کو نزدیک سے گولیاں ماری گئیں تھیں۔ صبح اہل علاقہ نے دونوں کے گھر کا دروازہ ٹوٹا دیکھا تو واردات کا علم ہوا۔ اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ چوک سرور شہید نے موقع پر پہنچ کر نعشیں قبضہ میں لیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال چوک سرور شہید لے آئی۔ مبینہ طور پر کنیز فاطمہ کا ایک سابقہ عیسائی شوہر جس کا نام وارث مسیح تھا اور جرائم پیشہ تھامختلف مقدمات میں جیل میں تھا۔ دونوں کو سنگین نتائج کی دھمکیا ں بھی دے رہا تھا۔اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چند روز قبل وہ جیل سے رہا ہوا تھا لیکن اصل حقائق کا پولیس تفتیش کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا۔ مقتولین کے سابقہ نام پرویز مسیح اور سرافین بی بی تھے۔