خان رزاق پولیس سٹیشن کے قریب ایس پی انویسٹی گیشن ہلال حیدر اپنی گاڑی میں سوار ہورہے تھے کہ خودکش حملہ آور نے خود کو انکی گاڑی کےقریب دھماکہ خیزمواد سے اڑا لیا۔ جس کے نتیجے میں ایس پی ہلال حیدر، گن مین احسان اور ڈرائیور مراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ تین راہ گیر بھی دھماکےکی زد میں آکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دھماکے میں اکتیس افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکےکےباعث ایس پی انویسٹی گیشن کی گاڑی مکمل تباہ جبکہ چارمزید گاڑیوں اور پانچ دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں چھ سے سات کلوگرام دھماکا خیزمواد استعمال کیا گیا۔ پولیس نےحملہ آور کا سر اور دیگر اعضاء اپنےقبضےمیں لیئےہیں۔ صدرآصف علی زرداری ، وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور وزیراطلاعات خیبرپختونخوا نے دھماکےکی مذمت کی ہےاور جاں بحق ہونےوالوں کےلواحقین سے ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔