امداد نہ ملے تو بھی پیٹ پر پتھر باندھ کر بھاشا ڈیم بنانا ہوگا: احسن اقبال

واشنگٹن  (آئی این پی+ اے پی پی)  وفاقی وزیر برائے پلاننگ، ڈیویلپمنٹ اور اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ امداد نہ بھی ملے تو پیٹ پر پتھر باندھ کر بھاشا ڈیم بنانا ہوگا، پاکستان کے لئے بھاشا ڈیم آج اتنا ہی اہم ہے جتنا کبھی ایٹم بم تھا۔ وہ واشنگٹن میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے عالمی برادری اوربین الاقوامی مالیاتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ توانائی اورپانی ذخیرہ کرنے کے اس منصوبے کی تکمیل میں پاکستان سے تعاون کریں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم ہر صورت میں تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں ڈالر مالیت کے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے تمام دستیاب وسائل سے کام لیا جائے گا اور بین الاقوامی مدد بھی لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگرس پہلے ہی فنانشل سپورٹ کی توثیق کرچکی ہے اور توقع ظاہر کی کہ بین الاقوامی شراکت داروںکا کنسورشیم اس سلسلہ میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اس منصوبہ پر کام شروع کردیا جائے گا اور ہر قیمت پر یہ منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ وہ عالمی بینک سے بھی اپیل کریں گے کہ اس منصوبے کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کرے۔ دوسری جانب ہماری حکومت ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی بات چیت کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے اس سلسلہ میں میڈیا سے بھی بات چیت کی اور کہا کہ 2014ء علاقہ کیلئے امریکی فوج کے انخلاء کا سال ہے جو پاکستان پر دوررس اثرات چھوڑے گا اور ہمیں پاکستان کو انخلاء کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔ اس لئے تمام فریقین کو باہمی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ علاقائی استحکام اور سالمیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...