واشنگٹن (بی بی سی) امریکی صدر اوباما کے دوسری مدت کیلئے صدر منتخب ہونے کے بعد امریکی ریاست ورجینیا اور نیویارک شہر میں ہونے والے اہم انتخابات میں ڈیمو کریٹس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ووٹوں کی گنتی لگ بھگ مکمل ہے اور بل ڈی بلاسیو اب نیویارک کے میئر مائیکل بلوم برگ کی جگہ لیں گے۔ وہ دو دہائیوں میں نیویارک شہر میں پہلے ڈیمو کریٹ میئر ہوں گے۔ ورجینیا میں گورنروں کے عہدے کیلئے ٹیری میک اولیف نے کین کوچینیلی کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔ اس سے پہلے نیو جرسی میں رپبلکن امیدوار کرس کرسٹی دوبارہ گورنر منتخب ہوئے۔ منگل کو ہونیوالے ان مقابلوں کو اگلے سال کانگریس کے وسط مدتی انتخابات کیلئے دونوں جماعتوں کا امتحان قرار دیاجا رہا تھا۔ نیویارک میں 99 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد بل ڈی بلاسیو نے 73فیصد ووٹ حاصلکئے۔ ان سے شکست کھانے والے جو لوٹا نے 24 فیصد ووٹ حاصل کئے۔ جیتنے کے بعد ڈی بلاسیو نے اپنی تقریر میں کہا کہ نتائج بتاتے ہیں کہ امریکہ کے سب سے بڑے شہر نے ترقی کی راہ چن لی ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آمدنی میں تناسب انکی پہلی ترجیح ہو گی۔