طالبان کی شوریٰ فضل اللہ، خالد حقانی کے ناموں پر تقسیم

Nov 07, 2013

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی سربراہی کیلئے مرکزی شوریٰ شیخ خالد حقانی اور ملا فضل اللہ کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔ شوریٰ کے ارکان شیخ خالد حقانی اور فضل اللہ کے ناموں پر 2حصوں میں تقسیم ہو گئے۔ شیخ خالد حقانی کا تعلق صوابی اور ملا فضل اللہ کا سوات سے ہے۔ امریکی میڈیا نے طالبان ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ ملا فضل اللہ تحریک طالبان کا نیا سربراہ بن سکتا ہے۔ طالبان کے سینئر رہنما جلد نئے سربراہ کے انتخاب کیلئے ملاقات کریں گے۔ دریں اثنائکالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ایک کمانڈر نے کہا کہ ہم جمہوریت کو غیراسلامی عمل سمجھتے ہیں اس لئے ہم اپنے امیر کا انتخاب اکثریت کی بنیاد پر نہیں کرتے بلکہ یہ دلائل کی بنیاد پر ہوتا ہے، دلائل سننے کے بعد حتمی فیصلہ مرکزی مجلس شوریٰ کے امیر دیتے ہیں، تحریک طالبان کے امیر کے انتخاب میں تاخیر ملک بھر سے تعزیتوں کا سلسلہ جاری رہنے اور شوریٰ کے ممبران کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث ہوئی، پاکستان کے اور افغانستان کے مختلف علاقوں سے تحریری آڈیو اور ویڈیو کے ذریعے طالبان کی آراء موصول ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے، مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس دوبارہ بدھ کو شروع ہو گیا۔ امریکی ٹی وی چینل این بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمانڈر ملا فضل اللہ اور قبائلی رہنما و عالم حافظ سعید خان کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ کے لئے بڑے امیدوار ہیں۔ 

مزیدخبریں