کبڈی ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ جاری‘ کھلاڑی کامیابی کیلئے پرعزم

Nov 07, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) کبڈی ورلڈکپ کی تیاری کے لئے جاری تربیتی کیمپ میں شریک مردوخواتین کھلاڑیوں نے سپورٹس بورڈ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہا ر کیا ہے۔کبڈی کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی قومی کھلاڑی عبید عرف لالہ کا کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت سے مقابلہ متوقع ہے۔ کیمپ میں خامیوں پر قابو پانے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں تاکہ روایتی حریف کو شکست دے کر عالمی ٹائٹل حاصل کیا جائے۔ ہماری رائیڈر لائن کے کھلاڑی بہترین جبکہ سٹاپر لائن کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔ بابر گجر نے کہا کہ گزشتہ دس روز سے تربیتی کیمپ میں سخت محنت کر رہے ہیں حتمی ٹیم کے انتخاب کے بعد ٹریننگ کا دروانیہ مزید بڑھا دیا جائے گا، امید ہے کہ اس مرتبہ ورلڈ کپ جیت کر لوٹیں گے۔ خاتون کھلاڑی رضیہ نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کیلئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں کوچز سخت ٹریننگ کرا رہے ہیں جس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتر ی آئی ہے ابتدائی دنوں میں کھلاڑیوں کو مشکلات پیش آئی ہیں تاہم اب وہ دل لگاکر تربیت حاصل کررہی ہیں۔

مزیدخبریں