ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 68 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ڈویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پروٹیز اوپنرز نے 20 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اس موقع پر ہاشم آملہ 10 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ڈی فاک اور پلیسی نے اننگز کو سنبھالا دیا اور سکور کو 97 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر ڈی کاک 40 رنز بنا کر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ بعد میں آنے والے کھلاڑیوں نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور چھوٹی چھوٹی پارٹنرشپس کے ذریعے سکور کو آگے بڑھاتے رہے۔ ڈوپلیسی 55، جے پی ڈومینی 64، کپتان اے بی ڈویلیئرز 34، ڈیوڈ ملر 34، میکلیرن 13، ڈیل سٹین 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مورنی مورکل صفر اور تسوبے صفر رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نے 8 وکٹوں پر 259 رنز بنائے۔ محمد عرفان نے 46 رنز کے عوض 3، سہیل تنویر نے 47 رنز کے عوض ایک، سعید اجمل نے 38 رنز کے عوض اور شاہد آفریدی نے 41 رنز کے عوض 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کو اوپنرز نے 50 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑی اسے برقرار نہ رکھ سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔ محمد حفیظ 15، احمد شہزاد 32، عمر امین 13، کپتان مصباح الحق 19، اسد شفیق 11، عمر اکمل 7، شاہد آفریدی 6، وہاب ریاض 33، سعید اجمل ایک رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سہیل تنویر نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عرفان 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم 191 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عمران طاہر نے 4، مورنی مورکل اور میکلیرن نے دو، دو، تسوبے اور ڈیل سٹین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈوپلیسی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان اور جنوبی فریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا چوتھا میچ کل کھیلا جائے گا۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4بجے شروع ہوگا۔