واپڈا نجکاری کیخلاف فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں ملازمین کی ہڑتال، احتجاجی ریلیاں

Nov 07, 2015

لاہور+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) واپڈا ملازمین نے نجکاری کیخلاف گزشتہ روز فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں دفاتر کی تالہ بندی کی اور بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر قلم چھوڑ ہڑتال کی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دوسرے روز بھی فیسکو کے 8 اضلاع میں فیسکو کی نجکاری کے خلاف ہزاروں مزدوروں ، انجینئرز اور افسروں نے بھر پور احتجاج کیا۔ ریلیاں نکالیں، جگہ جگہ دھرنے دئیے اور حکومتی پالیسیوں اور وزیر خزانہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مقررین نے کہا کہ حکومت کے قول و فعل میں تضاد سمجھ سے بالا تر ہے۔ایک طرف حکومتی نمائندگان دن رات ملک سے محبت کے گن گا رہے ہیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے دعوے کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف چند حکومتی ممبران خصوصاً اسحاق ڈار اور زبیر عمر، آئی ایم ایف کے اشاروں پر ملکی اداروں کی تباہی پر تُلے ہوئے ہیں۔ جب تک سانس میں سانس ہے، واپڈا کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے اور اس کیلئے ہر ذریعہ استمال کریں گے۔ اگر حکومت باز نہ آئی تو رائے ونڈ کے محلات کی بجلی بھی منقطع کر دی جائیگی۔ ماموں کانجن میں واپڈا کے ملا زمین نے نجکاری کیخلاف تالہ بندی کی۔ اس موقع پر ہائیڈرو یونین کے چیئرمین نور زمان نے کہا کہ ہم حکومت کو منافع بخش کمپنیوں کو ہرگز اُونے پونے اور اپنے من پسند افراد کو بیچنے نہیں دیں گے ہم اپنی ریجنل قیادت کے ایک اشارے کے منتظر ہیں ان کے اشارے پر ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ چنیوٹ میں بھی ڈویژنل آفس میں احتجاج ہوا جس کے دوران فیسکو دفاتر کو مکمل طور پر تالے لگاکر بند کر دیا گیا۔

مزیدخبریں