پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، خیبرایجنسی میں وادی تیرہ کے علاقے راجگال میں پاک فضائیہ کے شاہین دہشت گردوں پر قہر بن کر ٹوٹے،بمباری کے نتیجے میں پندرہ دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
لڑاکا طیاروں نے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا، کارروائی میں شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، اب تک سینکڑوں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔
خیبر ایجنسی میں اکتوبر دوہزار چودہ میں آپریشن خیبر ون اور مارچ دوہزار پندرہ میں آپریشن خبیر ٹو شروع کیا گیا، جبکہ جون دوہزار چودہ میں شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب شروع ہوا جس میں اب تک سینکڑوں دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں،پاک فوج نے آخری دہشت گرد تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔