نئی دہلی (اے این این+کے پی آئی) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کو ہتھیار بنانا بزدلی ہے، بھارت کبھی پاکستان کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ رائے پور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے بار بار ہمارے ملک میں بدامنی پھیلائی جاتی ہے۔ کچھ ملک بھارت کی تیز رفتار ترقی سے پریشان ہیں اور وہ ہماری قوم کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ اس وقت بھارت کی اقتصادی پیداواری کی شرح دنیا میں سب سے بہتر ہے جس سے بھارت مخالف ممالک کو جلن ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نکسل باغیوں سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت کی بھرپور مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا میں نے مائو نواز باغیوں کو پہلے بھی کہا تھا کہ وہ اپنی سرگرمیاں ترک کردیں اور ترقیاتی کاموں میں حکومت کا ساتھ دیں۔ دوسری طرف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے انسانی اپروچ اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج سے متاثرہ جموں و کشمیر کیلئے بھارتی حکومت کے ترقیاتی اقدامات کی بنیاد وکاس اور وشواس پر ہوگی۔ آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کے30رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جموں وکشمیر کی ترقی ان کے ایجنڈا میں سرفہرست ہے۔ دیہات، جہاں آبادی کا بیشتر حصہ رہائش پذیر ہے کی ترقی ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہے۔