پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) وزیراعظم کے سیاسی مشیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپی کے میں پی ٹی آئی حکومت سیاست کیلئے سرکاری وسائل استعمال کررہی ہے۔ تحریک انصاف اپنی سیاست زندہ رکھنے کیلئے خون ریزی چاہتی ہے۔ تحریک انصاف گندی سیاست کر رہی ہے۔ تحریک انصاف ہم نے دیکھ لیا آپ کتنے پرامن ہیں۔ پارلیمنٹ کی دیواریں گواہ ہیں تحریک انصاف نے وہاں کیا کیا ہے۔ دھرنے کا ختم ہونا پوری قوم کی فتح ہے۔ پرویز خٹک اور ان کے لیڈر یوٹرن سپیشلسٹ ہیں۔ صوبائی حکومت کے دارالحکومت پر دھاوا بولنے کی روایت غلط ہے۔ پرویز خٹک قبضے کی نیت سے آئے تو روکا جائے گا۔ صباح نیوز کے مطابق امیر مقام نے کہا تاریخ میں پہلی بار دیکھا صوبے کا منتخب وزیراعلیٰ اور سپیکر فیڈریشن پر حملہ کرنے جا رہے تھے، خیبر پی کے میں گورنر راج لگانے کی کوئی نیت نہیں، سمجھ سے بالاتر ہے کے پی کے سپیکر سی پیک کے حوالے سے کیوں ہائیکورٹ جا رہے ہیں۔ ہم چاہتے تو سی ایم ہاؤس کی اینٹ سے اینٹ بجا دیتے لیکن ہم جانتے ہیں یہ سی ایم ہاؤس عوام کا ہے، یوٹرن کے ماہر پرویز خٹک نے سی پیک منصوبے کے حوالے سے 29 اگست کو ایک سیمینار میں اطمینان کا اظہار کیا، اب عدالت جانا سیاست کو چمکانے کے مترادف ہے۔
تحریک انصاف سیاست زندہ رکھنے کیلئے خون ریزی چاہتی ہے: امیر مقام
Nov 07, 2016