راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی نے گزشتہ روز عوامی مانیٹرنگ سیل کے ترجمان شیخ امجد علی کی جانب سے راولپنڈی کی مختلف شاہراہوں پر جنرل راحیل شریف کے لئے لگائے گئے بینرز آج اتار دئیے۔ اس سلسلے میں جب شیخ امجد علی سے ان کے دئیے گئے رابطہ نمبر پر کال کی گئی تو ان کا فون مسلسل مصروف مل رہا تھا۔ ان بینرز پر ’’پاکستان ہماری جان سب سے پہلے مسلمان‘‘ جبکہ بینر میں حکومت‘ اپوزیشن اور اراکین اسمبلی سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد دو سال بعد تک سیاست میں پابندی کم کر کے ایک سال کریں تاکہ 2018ء کے الیکشن میں جنرل راحیل شریف حصہ لے کر وزیراعظم بن جائیں۔ ان بینرز کی تنصیب میں شہر بھر میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا تھا جبکہ اس سے قبل بھی جنرل راحیل کے لئے بینرز نصب کئے گئے تھے جن پر ’’جانے کی باتیں جانے دو‘‘ تحریر تھا لیکن اس مرتبہ محض ایک دن کے بعد ہی پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی کے ڈی جی کے حکم پر یہ بینرز تمام اطراف سے اتار دئیے گئے۔ یاد رہے ملک ابرار ایم این اے پی ایچ اے کے چیئرمین ہیں۔
راولپنڈی‘ جنرل راحیل شریف کے حق میں لگے بینرز اتار لئے گئے
Nov 07, 2016