کراچی میں چھاپے تیز، علامہ یوسف حسین ، مولانا تاج حنفی سمیت50 گرفتار ,فیصل رضا عابدی کیخلاف ناجائز اسلحہ کا بھی مقدمہ

کراچی/ اسلام آباد(کرائم رپورٹر+ این این آئی+ نیٹ نیوز+ وقائع نگار خصوصی) جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے سابق سینیٹر اور پی پی رہنما فیصل رضا عابدی کو غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 19 نومبر تک ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، پٹیل پاڑہ میں دو افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے مقدمے میں گرفتار فیصل رضا عابدی کیخلاف سچل تھانے میں ناجائز اسلحہ کا بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیورضویہ سوسائٹی میں چھاپے کے دوران گرفتار سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نمبر 6 کی عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا فیصل رضا عابدی کے گھر سے پانچ اقسام کا اسلحہ ملا۔ اسلحہ لائسنس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ فیصل رضا عابدی کے گھر سے برآمد ہونے والی ایک ایس ایم جی غیر قانونی ہے۔ فیصل رضا عابدی کے اسلحہ لائسنس وفاقی اور صوبائی وزارت داخلہ کو تصدیق کیلئے بھیج دیے گئے جبکہ مختلف معاملات میں تحقیقات بھی جاری ہیں لہٰذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے فیصل رضا عابدی کو 19 نومبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے اسلحہ لائسنس کی تصدیق اور غیرقانونی اسلحہ سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ واضح رہے پولیس نے فیصل عابدی کو جمعہ کے روز 2 افراد کے پٹیل پاڑہ میں ہونیوالے فرقہ وارانہ قتل کیس میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا۔ دریں اثناء لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی کی اہلیہ نے کہا کہ ان کے خاوند کے پاس کوئی اسلحہ برآمد ہوا، نہ اسکا کسی تنظیم سے تعلق ہے، میرے خاوند کی جان کو خطرہ ہے، چیف جسٹس گرفتاری اور مقدمے کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کارکردگی پر تنقید کرتے اور غریبوں کی بات کرتے تھے جس کی سزا انہیں بے بنیاد مقدمہ میں ملوث کرکے دی جارہی ہے۔ دوسری طرف کراچی میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ شہر کے مختلف علاقوں میںسرچ آپریشن کے دوران اہل سنت والجماعت کے جنرل سیکرٹری تاج حنفی اور شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ مرزا یوسف حسین سمیت 50سے زائدافراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ بھی برآمدہوا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اور رینجرز نے اتوار کی علی الصبح ناظم آباد میں رضویہ اورناگن چورنگی کے قریب مسجد صدیق اکبر سے متصل ہاسٹل میں سرچ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران 3افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ناگن چورنگی صدیق اکبر میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران اہل سنت والجماعت کے جنرل سیکریٹری تاج حنفی کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔ جبکہ اہل سنت والجماعت کے صدر ربنواز حنفی اور مہتمم جامعہ صدیق اکبر مولانا شعیب کی گرفتار ی کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ مدینہ کالونی اور نیوکراچی کے علاقوں سے بھی دو ملزموں کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ادھرناظم آباد میں قانون نافذ کرنے والوں ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے شیعہ عالم علامہ مرزا یوسف حسین کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے علامہ یوسف کی گرفتاری کی پرزورمذمت کی گئی ہے۔ قبل ازیں گودھرا کے علاقے میں پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد 35 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ان افراد سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔رضویہ میں پولیس نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ دوسری طرف مجلس وحدت المسلمین کی کال پر سابق سینیٹر فیصل عابدی اور مرزا یوسف حسین کی گرفتاری کیخلاف لاہور، کراچی اور راولپنڈی سمیت دیگر بڑے شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ راولپنڈی میں لیاقت باغ سے مری روڈ تک ریلی نکالی گئی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...