اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نیوز ایجنسیاں) کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر جاری بھارت کی مسلسل فوجی جارحیت کا جواب دینے کے ساتھ ساتھ بری فوج نے کھاریاں اور گوجرانوالہ کے علاقے میں اپنی فیلڈ مشقیں بھی جاری رکھی ہوئی ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف فوج کی سنٹرل کمانڈ کی یہ تیاریاں دیکھنے کیلئے مشقوں کے علاقہ میں پہنچ گئے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ مشقیں فوج کی جاری فیلڈ ایکسرسائز کا حصہ ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ منگلا کی سٹرائیک کور اور گوجرانوالہ کی کورز جو سنٹرل کامن کا حصہ ہیں، ان مشقوں میں حصہ لے رہی ہیں جن کا مقصد دشمن کا حملہ روکنا اور دن یا رات کی پروا کئے بغیر تمام رکاوٹیں عبور کرکے سرعت سے جوابی کارروائی کرنا ہے۔