ملاکنڈتھری ہائیڈروپاورسٹیشن سے امسال ریکارڈ بجلی کی پیداوارحاصل کی گئی

Nov 07, 2016

پشاور(بیورورپورٹ)خیبرپختونخواحکومت کی بہترین حکمت عملی کے باعث صوبے کے اپنے وسائل سے بجلی پیداکرنے والے سب سے بڑے بجلی گھرملاکنڈتھری ہائیڈروپاورسٹیشن سے امسال ریکارڈ بجلی کی پیداوارحاصل کی گئی جس سے ایک طرف صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں قدرے کمی واقع ہوئی تو دوسری جانب صوبے کی آمدن میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہواہے یہ بات پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آگنائزیشن (پیڈو) کے چیف ایگزیکٹواکبرایوب خان کی زیرصدارت ملاکنڈتھری ہائیڈروپاورکمپلیکس میں ششماہی کارکردگی جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میںمحکمہ توانائی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملاکنڈتھری بجلی گھرسے مالی سال 2015-16 کے دوران 466گیگاواٹ ریکارڈ بجلی پیداکی گئی جوکہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں19فیصدزائد ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملاکنڈتھری بجلی گھرسے اضافی ریکارڈ بجلی کی پیداوارمیں ادارے کے حکام کی بہترین رہنمائی اورموجودہ حکومت کی اچھی حکمت عملی ہے۔اجلاس میں ملاکنڈتھری بجلی گھر کے علاوہ پیہوربجلی گھر ،مچئی بجلی گھرسمیت پیڈوکے زیرانتظام چلنے والے دیگر بجلی گھروں سے بجلی کی پیداواری صلاحیت کے بارے میں تفصیلی غوروخوض کے علاوہ انکی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے مختلف تجاویزدی گئیں۔ اجلاس کے دوران صوبے میں مٹلتان بجلی گھرسوات،لاوی بجلی گھر چترال سمیت دیگر بجلی گھروں کے جاری تعمیراتی منصوبوں پر کام کی رفتارکا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوپیڈواکبرایوب خان نے صوبے میں جاری توانائی منصوبوں پر کام کی رفتارپر اطمینان کا اظہارکیا اور کہا کہ صوبے میں بڑے پن بجلی گھروں کے ساتھ ساتھ بجلی کی نعمت سے محروم علاقوں میں356چھوٹے بجلی گھروں کی تعمیر کاکام تیزی سے جاری ہے جن میں 100سے زائد منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ آئندہ سال کے آخرتک یہ تمام منصوبے مکمل کرلئے جائیں گے جس سے صوبے میں توانائی انقلاب آئے گااور لوگوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات ملنے کے ساتھ ساتھ یہا ں روزگارکے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
بجلی پیداوار

مزیدخبریں