کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے فیصل آباد کے ڈی سی او سلمان غنی کو بالآخر کینال ایکسپریس وے کے دورے کا خیال آ ہی گیا۔ انہی کالموں اور فیچروں میں کئی مرتبہ لکھ چکے ہیں کہ کینال ایکسپریس وے کوئی عام شاہراہ نہیں ہے یہ فیصل آباد کی موٹروے ثانی ہے لہٰذا موٹروے ثانی ہونے کے ناطے جو لوازمات ناگزیر ہیں جن میں سروس روڈ کی تعمیر بھی امر لازم کا درجہ رکھتی ہے، اس طرف توجہ دینے کے لئے فیصل آباد کے ڈی سی او سلمان غنی کو موقع پر جا کر حالات کا جائزہ لیتے ہوئے بلاتاخیر سروس روڈ کی تعمیر ہی شروع نہیں کرانی چاہیے بلکہ اس کیلئے جس قدر فنڈز بھی درکار ہوں انہیں فوری فراہم کرنا چاہیے۔ لہٰذا ڈی سی او سلمان غنی نے اپنی تعیناتی کے بعد اپنے پہلے دورہ کینال ایکسپریس وے کے موقع پر نیسپاک کے ریذیڈنٹ انجینئر امجد سعید اور تعمیراتی کمپنی کے نمائندے عامر نواز اور دیگر افسران کے ہمراہ کینال ایکسپریس وے کا معائنہ کیا اور متعلقہ تمام افسران کو ہدایت جاری کی کہ کینال ایکسپریس وے کی تزئین و آرائش اور اس عظیم شاہراہ کو ایک قابل دید اور منفرد شاہراہ کا درجہ دلانے کے لئے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ جب کینال ایکسپریس وے باقاعدگی کے ساتھ عام ٹریفک کے لئے کھول دی جائے تو عوام کو کسی قسم کی دشواری بھی پیش نہ آئے اور وہ دوران سفر یہ تصور کریں کہ وہ کینال ایکسپریس وے فیصل آباد پر سفر نہیں کر رہے بلکہ پیرس کی کسی خوبصورت شاہراہ پر سفر کر رہے ہیں۔ ڈی سی او فیصل آباد نے ایکسپریس وے پر سفر کرتے ہوئے ہمواری کا جائزہ بھی لیا اور یہ دیکھا کہ کینال ایکسپریس وے پر کسی مقام پر جمپ تو نہیں ہے۔ وہی شاہراہ معیاری اور پائیدار کہلاتی ہے جو ہموار ہو اور دوران سفر کسی مقام پر جمپ نہ ہوں۔ انہوں نے انجینئروں کے ہمراہ چک جھمرہ اوورہیڈ برج اور دیگر مقامات کی لینڈسکیپنگ کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے 25کلومیٹر پر پھیلی ہوئی اس شاہراہ کے دونوں اطراف میں پودے لگانے اور ایسے درخت لگانے کی ہدایت بھی جاری کی جو اس شاہراہ کی خوبصورتی میں اضافہ کا باعث ہو۔ فیصل آباد کی ٹھنڈی سڑک جو اب عدم وجود کا شکار ہو چکی ہے یہ ٹھنڈی سڑک اس لئے قرار دی جاتی تھی کہ اس کے دونوں اطراف سنبل کے قدآور درختوں کی قطار اندر قطار تھی۔ سنبل کے درختوں کی ایک صفت اور افادیت یہ ہے کہ یہ درخت نہ صرف قدآور اور آسمان سے باتیں کرتے ہیں بلکہ ان کا پھیلا¶ اس قدر زیادہ ہوتا ہے کہ اپنی چھا¶ں سے شاہراہ کو سورج کی حرارت سے بھی محفوظ اور دور رکھتے ہیں بلکہ جب ہوا چلتی ہے تو گرم ہوا بھی اپنی حرارت کھو کر سرد ہو جاتی ہے اور اسے قدرت کی طرف سے ایئرکنڈیشنر کا مقام حاصل ہو جاتا ہے جو بغیر کسی قسم کی توانائی کے بغیر موسم گرما میں اے سی کا درجہ رکھتی ہے لہٰذا کینال ایکسپریس وے کے دونوں اطراف جو شجر کاری کا کام ہو رہا ہے اس کام کو کرتے وقت اس بات کو ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے کہ کینال ایکسپریس وے اس علاقہ میں تعمیر کی گئی ہے جس علاقہ میں موسم گرما میں باقی علاقہ کے مقابلہ میں زیادہ حرارت ہوتی ہے لہٰذا وہی درخت لگائے جائیں جو مستقبل میں قدرتی اے سی ثابت ہوں۔ اس کے ساتھ ہی ڈی سی او نے کینال ایکسپریس وے پر روڈ مارکنگ اور لائٹس بھی چیک کیں۔ کینال ایکسپریس وے پر جس قدر بھی گول چکر اور سلپ روڈ آتے ہیں ان مقامات کو خصوصی طور پر قابل ذکر اور قابل دید بنانے کے لئے پودوں اور دیگر ماڈل کے ذریعے خوبصورت بنانے کی ہدایت جاری کیں۔ ڈی سی او سلمان غنی نے کینال ایکسپریس وے کی تکمیل اور تزئین و آرائش کے لئے جن اقدامات کو اٹھانے کی ضرورت اور اہمیت کا اپنی ہدایات میں احساس دلایا ہے وہ اپنی جگہ بڑی افادیت کی حامل ہیں لیکن دلہن اس وقت دلہن کا روپ دھارتی ہے جب عروسی جوڑا زیب تن کرتی ہے۔ کینال ایکسپریس وے کا عروسی جوڑا اس کی سروس روڈ ہے جس کے بارے میں ڈی سی او نے کوئی لب کشائی نہیں کی حالانکہ سروس روڈ کا ذکر لازم تھا۔ اس کے ساتھ ہی چند اور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جن میں کھرڑیانوالہ چک جھمرہ فلائی اوور سے لے کر ساہیانوالہ سانگلہ ہل فلائی اوور تک کینال ایکسپریس وے کے دونوں اطراف سروس روڈ کی تعمیر اس لئے بھی ضروری ہے کہ 45دیہاتوں کے ہزاروں افراد کا آمدورفت کا راستہ جو کہ منطقع ہو چکا ہے وہ سروس روڈ کے ذریعے جاری رکھا جا سکے اور ویسے بھی جب اس اطراف کینال روڈ پر میگا پراجیکٹ اور کالونیوں کی تعمیر ہو گی تو سروس روڈ کی انتہائی کمی محسوس کی جائے گی اور اگر ابھی سے سروس روڈ کی تعمیر کروا دی جائے تو حکومتی اخراجات کم ہوں گے کیونکہ جوں جوں وقت گزرتا جائے گا مہنگائی کے بڑھ جانے کے باعث سروس روڈ کی تعمیر کروڑوں سے بڑھتی اربوں تک جا پہنچے گی۔ لہٰذا چک جھمرہ کھرڑیانوالہ فلائی اوور سے لے کر ساہیانوالہ سانگلہ ہل فلائی اوور تک سروس روڈ کی تعمیر اس منصوبے کا لازمی حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ چک جھمرہ اور ساہیانوالہ کی رابطہ سڑک قرار پائے جبکہ نہر رکھ برانچ کے دونوں اطراف جو کہ 25کلومیٹر پر پھیلے ہوئے ہیں ان کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور اس پر لوگوں نے سفر کرنا بھی شروع کر دیا ہے جبکہ کینال ایکسپریس وے کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم نوازشریف کریں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ افتتاح کے موقع پر وہ کینال ایکسپریس وے کے کنارے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا بھی اعلان کریں گے۔ ڈی سی او فیصل آباد سلمان غنی کو اس میگا پراجیکٹ کو ایک نظر دیکھنے کا خیال تو آ ہی گیا ہے۔ انہوں نے اس کی تزئین و آرائش اور تکمیل کے لئے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں اب اپنی توجہ عروسی جوڑے یعنی سروس روڈ کی تعمیر کی طرف توجہ کریں اور جس قدر جلد ممکن ہو سروس روڈ کی تعمیر کا آغاز بھی کر دیا جائے تو کینال ایکسپریس وے فیصل آباد کی واقعی ایک مثالی شاہراہ ہو گی۔ فیصل آباد کے لوگ بھی فخر سے کہہ سکیں گے کہ یورپی شاہراہیں ہی مثالی نہیں ہیں ہم بھی اپنے شہر میں کینال ایکسپریس وے رکھتے ہیں جو جدید بھی ہے اور ماڈل بھی۔ اوورسیز پاکستانی دعوت دیں کہ آ¶ ہمارے ملک میں آپ کو کینال ایکسپریس وے کی سیر کرائیں۔