لاہور (سپورٹس رپورٹر) چھٹے سلطان آف جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ آسٹریلیا نے جیت لیا، پاکستان کی دوسری پوزیشن رہی۔ ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف تین ایک سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان ٹیم جسے لیگ میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 8-1 سے مات ہوئی تھی۔ فائنل میچ میں قومی ٹیم نے قدرے زیادہ محنت کیا اس میچ میں پاکستان کی طرف سے کھیل کے ساتویں من ٹمیں حسن انور نے بال کو جال کی راہ دکھا کر برتری دلائی۔ تاہم 6 منٹ کے وقفہ کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے گیراڈ فریزر نے گول کر کے میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ پہلے ہاف کے خاتمے تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں کھیل کے 47 ویں منٹ میں آسٹریلیا کے بلیکی گوور نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے اس برتری کو اتارنے کی بھرپور کوشش کی لیکن میچ ختم ہونے سے تین منٹ قبل آسٹریلیا کے بلیکی گوور نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول سکور کر کے اپنی برتری کو ڈبل کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان ٹیم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ گذشتہ دو ٹورنامنٹ میں پاکستان کی پوزیشن چھوتھی رہی تھی اس مرتبہ قومی کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا پہلے، پاکستان دوسرے، جاپان تیسرے، انگلینڈ چوتھے، ملائیشیا پانچویں جبکہ نیوزی لینڈ ٹیم آخری چھٹے نمبر پر رہی۔