لاہور (سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کے ساتھ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے نیلسن میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم بارش کے باعث پریکٹس نہ کرسکی، بارش کے باعث ٹیم کا پہلا ٹریننگ سیشن بری طرح متاثر ہوا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن پہنچی تھی۔ بارش سے پہلے کھلاڑیوں نے پہلے سیشن میں انڈرو فٹنس ٹریننگ میں حصہ لیا اور اس دوران فٹ بال بھی کھیلی، پاکستان کرکٹ ٹیم کاآج بھرپور کرکٹ ٹریننگ سیشن شیڈول ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پریکٹس میچ کیلئے نوجوان کھلاڑی ہنری کی قیادت میں سکواڈ کا اعلان کیاہے ۔گرین شرٹس آج سے فاسٹ اور بائونسی وکٹوں پر کھیلنے کیلئے تیاری شروع کرے گی ۔میچ سے چند دن قبل ٹیم کا نیوزی لینڈ جانے کا مقصد وہاں کی پچز سے ہم آہنگ ہونا ہے ۔نئے تعمیر ہونیوالے سیکسٹن اوول گرائونڈ میں جم کی سہولیات بھی میسر ہیں ۔امکان ہے کہ آج بارش نہ ہونے کی صورت میں گرین شرٹس بھرپور پریکٹس کرے گی ۔نیوزی لینڈ کے خلاف 17 نومبر کو پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستانی ٹیم 11 نومبر سے نیوزی لینڈ اے خلاف 3روزہ میچ بھی کھیلے گی۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم بھی نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں موجود ہے جس نے گزشتہ روز پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔ کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی ورزش کی اور بعد میں بائولنگ ‘بیٹنگ اور فیلڈنگ سیشن میں شرکت کی ۔ بعد ازاں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے دورہ نیوزی لینڈ میں پریکٹس میچ میں کینٹر بری مجیشین کو شکست دیدی ۔ اوول گرائونڈ میں میزبان ٹیم نے 192رنز بنائے ۔ سعدیہ یوسف نے پانچ جبکہ ثنا ء میر نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ گرین شرٹس نے ہدف 43.4اوورز میں چار وکٹوں پر پور ا کرلیا ۔ ناہیدہ خان نے 35‘عائشہ ظفر نے 39‘جویریہ خان نے 45اور بسمہ معروف نے 33رنز بنائے ۔