'' آرمی چیف کا دورہ ، ایران نے پاکستان کوبجلی اور گیس دینے کی پیشکش کردی

تہران (نوائے وقت رپورٹ) ایران نے پاکستان کو بجلی اور گیس دینے کی پیشکش کر دی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں پیشکش کی۔ جواد ظریف نے کہا کہ ایران پاکستان کو بجلی‘ گیس سپلائی کرنے کیلئے تیار ہے۔ آرمی چیف تین روزہ دورے پر ایران میں ہیں۔ ایرانی آرمی چیف اور وزیر خارجہ سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات‘ سرحدی سکیورٹی‘ سیاسی‘ اقتصادی معاملات‘ منشیات کی نقل و حمل‘ دہشت گردی‘ انتہاپسندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مسلم ملکوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ سازشیں ناکام بنانے کیلئے مسلم ممالک کو چوکس رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ بارڈر سکیورٹی کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ ایران جاری ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایران کی فوجی اور سویلین قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ایرانی قیادت نے دورہ ایران پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ ایرانی قیادت نے امن کیلئے پاکستان کی قربانیوں اور مثبت کردار کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک ایران بارڈر امن اور دوستی کا بارڈر ہے۔ آرمی چیف نے پاکستان، ایران سرحد پر بہتر سکیورٹی انتظامات پر زور دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ہمسایہ ممالک ہیں۔ پاکستان، ایران ثقافتی تاریخی اور مذہبی رشتے میں جڑے ہیں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے باہمی تعاون کی ایک تاریخ ہے دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان ایران بارڈر کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے پاکستان ایران کی افواج کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ آرمی چیف نے دفاعی اور اقتصادی تعاون پر بھی بات کی افغانستان کی صورتحال اور داعش کے بڑھتے خطرے پر بھی بات کی گئی تہران میں جی ایچ کیو آمد پر جنرل باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا دونوں ممالک نے باہمی تعاون بڑھانے کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آرمی چیف

ای پیپر دی نیشن