حکومت پریس کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں لگائےگی‘ مریم اور نگزیب

Nov 07, 2017

اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے پیر کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں صحافیوں کی فلاح وبہبود اور تحفظ سے متعلق مجوزہ قانون سازی پر سینئر صحافیوں کےساتھ بل کے مسودے پر تفصیلی مشاورت کی۔ مریم اورنگزیب نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ بل کے مسودے میں صحافیوں کی مشوروں کو جگہ دی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ بل کی بنیاد پر صحافیوں اور میڈیا کے کارکنوں کے تحفظ کےلئے جو کمیٹی قائم کی جائیگی اس میں صحافیوں بھی شامل کئے جائینگے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پریس کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں لگائےگی۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کی وجہ سے صحافیوں کا تحفظ ضروری ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صحافیوں کوبلا خوف وخطر آزادی اور ذمہ داری کےساتھ اپنے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو پورا کر نے کےلئے پر امن ماحول فراہم کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ مجوزہ بل پر حکومت نے تمام پریس کلبوں سے بھی رائے مانگی تھی جس میں اکثریت نے اپنی رائے حکومت کو بھیج دی ۔انہوںنے کہاکہ سینئر صحافی احمد نور انی پر حملے کے بعد اب یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کس طرح اظہار آزادی سے متعلق ذمہ داری پوری کرے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت صحافت کی آزادی قدغن لگانے کی بجائے خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے ۔اس سے پہلے سینئر صحافیوں نے ”جرنلسٹس ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن بل 2017ء“پر اپنی رائے دیتے ہوئے صحافیوں کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کیا اور شکوہ کیا کہ حکومت نے اس وقت تک صحافیوں کے تحفظ کےلئے کوئی موثر پالیسی نہیں اپنائی۔

مزیدخبریں