.اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیپٹن صفدر کی ضمانت پر رہائی کا تفصیلی فیصلہ طلب کرلیا

Nov 07, 2017

اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عالیہ نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت پر رہائی کا تفصیلی فیصلہ طلب کرلیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2رکنی ڈویژن بینچ نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت پر رہائی کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ احتساب عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیا گیا، ملزم کو عدالت میں پیش کرکے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی جو مسترد کردی۔ احتساب عدالت نے ملزم کوضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کر دیا جبکہ ضمانت پر رہائی دینا احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں بلکہ یہ ہائیکورٹ کا اختیار تھا۔ اس دوران عدالت نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا، کیا آپ کے پاس احتساب عدالت کا تفصیلی فیصلہ ہے تو انہوں نے بتایا کہ ابھی ضمانت پر رہائی کا تفصیلی فیصلہ موجود نہیں جس پر عدالت نے نیب کو تفصیلی فیصلہ پیش کرنے کی ہدایت کی اور سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں