سال ضائع کرکے اب کارکردگی دکھائی جارہی ہے شہباز شریف سموگ کیلئے اقدامات نہ کرنے والے حکام پر برہم

Nov 07, 2017

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلی ٰشہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں سموگ کی وجوہات اور اس سے نمٹنے کے لئے والے احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا گیا شہبازشریف نے سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بروقت احتیاطی و حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اوراس ضمن میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی۔ وزیراعلی نے متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ ایک بر س گزرگیا محکمہ ماحولیات سمیت دیگرمتعلقہ محکموں نے سموگ کے مسئلے کے حوالے سے کیا اقدامات کئے؟اب سر پر پڑی ہے تو آپ جاگ اٹھے ہیں۔کیا سرکاری فرائض کی انجام دہی کا یہ طریقہ ہے ؟متعلقہ محکموں او راداروں کو پیشگی اقدامات کرنا چاہئے سموگ کے آنے سے قبل احتیاطی تدابیر کے بارے عوام کی آگاہی کے لئے بھرپور مہم چلائی جاتی۔ وزیراعلی نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے تیار کردہ سموگ پالیسی انگریزی میں شائع کرنے پر بھی اظہار برہمی کیااور متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ کیا عام آدمی انگریزی زبان میں یہ پڑھے گا؟عام آدمی کو اردوزبان میں عام فہم طریقے سے مسئلے کے بارے میں بتانا چاہیے-افسوس کا مقام ہے کہ متعلقہ حکام اس ضمن میں ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکے۔ صنعتوں میں قوانین کے اطلاق کے حوالے سے متعلقہ چیمبر آف کامرس کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ مصیبت گلے پڑی ہے تو سال ضائع کر کے اب کارکردگی دکھائی جا رہی ہے لیکن کام اس طرح نہیں چلے گا-محکموں اور اداروں کو اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرنی چاہیے-انہوںنے کہاکہ متعلقہ ادارے او رمحکمے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے تو صورتحال گھمبیر نہ ہوتی۔ سموگ شروع ہونے سے قبل متعلقہ اداروں کو لائحہ عمل تیار کر کے فوری طورپر ایکشن میں آنا چاہیے تھا-وزیراعلی نے ہدایت کی کہ سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جو کچھ انسانی بس میں ہے کیا جائے۔ تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز سے کام کریں، تساہل کی کوئی گنجائش نہیں سموگ کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور ایوان ہائے صنعت و تجارت اورماہرین کی مشاورت سے جامع ایکشن پلان مرتب کر کے اس پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے پروگرامز شروع کر رکھے ہیں۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ کم ترقی یافتہ علاقوں کی خوشحالی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ترقیاتی سکیموں کے معیاری کام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے سابق امریکی سفیر رابن لِن رافیلنے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے امریکی ریاست ٹیکساس کے چرچ میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں سعودی عرب کے شہزادہ منصور بن مقرن کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں