سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمےر کے سابق وزےر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے جب پہلے نامزد مذاکراتکاروں، ورکنگ گروپوںاور پارلیمانی ڈیلی گیشنوں کی سفارشات اور رپورٹوں کو نظر انداز کردیا تو دینشور شرما کی تعیناتی کا کوئی مقصد نہیں بلکہ یہ کشمیری عوام کو بیوقوف بنانے کا ایک اور حربہ ہے۔انہوں نے بھارتی حکومت سے کہا کہ کشمیر ہمارا ہے اور اسکا مالک اور کوئی نہیں بن سکتا۔ٹنگڈار ڈاک بنگلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی تقریریں کر رہے ہیں کہ کشمیر میں لوگ آزادی مانگتے ہیں، ہم آزادی نہیں بلکہ اپنی خود محتاری مانگ رہے ہیں ۔ڈاکٹر فاروق نے کہا یہ زمین ہماری ہے اور اس کے مالک بھی ہم ہیں تم نہیں ۔انہوں نے بھارتی حکومت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا فاروق رہے یا نہ رہے لیکن تم اس زمین کے مالک نہیں بن سکتے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر مسئلہ کے حل کیلئے ہم جتنی بھی کوشش کریں مسئلہ تب تک حل نہیں ہو گا جب تک نہ پاکستان سے بات چیت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالات انتہائی کشیدہ ہیں ،جب یہاں سے اس پار گولہ باری کی جاتی ہے تو وہاں پر بھی جموں وکشمیر کا باشندہ مرتا ہے اور جب وہاں سے یہاں گولہ باری کی جاتی ہے تو یہاں پر بھی جموں وکشمیر کا باشندہ مرتا ہے اور اس کیلئے پاکستان سے بات چیت بہت ضروری ہے ۔
فاروق عبداللہ