ممبئی(آئی این پی) اپنے دور کے تیز ترین بولر جیف تھامسن نے آئندہ ورلڈکپ سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں خراب کارکردگی کے باوجود پاکستان ٹیم بڑا خطر ہ بن سکتی ہے، ان کے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو میچ کے دن خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر ان دنوں اسپورٹس لٹریری فیسٹول کے سلسلے میںہند کا دورہ کررہے ہیں۔ ایک سوال پر جیف تھامسن نے موجودہ کپتان ویرات کوہلی کو سابق بیٹسمین سچن ٹنڈولکر سے زیادہ اچھا بیٹسمین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندکے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر بہت اچھے بیٹسمین تھے لیکن ویرات کوہلی ان سے زیادہ بہتر ہیں جو ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنا جانتے ہیں۔اگرچہ یہ بحث کبھی ختم نہیں ہوگی کہ دونوں میں زیادہ اچھا کھلاڑی کون ہے تاہم میں ویرات کوہلی کو بہتر سمجھتا ہوں کیونکہ اس کے پاس بیٹنگ ورائٹی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی کی کارکردگی ہم سب کے سامنے ہے جس تسلسل سے وہ اچھا کھیل رہے ہیں یہی ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جیف تھامسن نے جدید دور کی کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کو انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن سے بہتر قرار دیا۔ جیمز اینڈرسن نے بیشتر وکٹیں ہو م گراونڈ پر لی ہیں جبکہ ڈیل اسٹین کسی بھی جگہ وکٹیں لے سکتے ہیں۔