ملتان( نامہ نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور فسادیوں سے کوئی سمجھوتہ کیا ہے نہ کریں گے۔ ریاست نے عوام کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے کامیاب مذاکرات کئے تاکہ آپریشن اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نقصانات سے بچا جاسکے۔ یہ حکومت کی ایک بڑی واضح کامیابی ہے ورنہ ماضی میں تو ماڈل ٹاؤن لاہور کے چھوٹے سے علاقہ میں چودہ بیگناہ انسانوں کو خون میں نہلا دیا گیاتھا۔ تحریک انصاف کی حکومت عارضی نہیں بلکہ مسائل کے مستقل وپائیدار حل کیلئے کوشاں ہے۔ حالات سخت ضرور ہیں لیکن اس کے بعد ایک روشن وترقی یافتہ پاکستان سامنے آئے گا۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار گزشتہ روز اپنے دفتر اسلام آباد میں پارٹی کے بنیادی کارکن وڈپٹی سیکرٹری جنرل ضلع ملتان ڈاکٹر فاروق لنگاہ اور سماجی رہنما شاہد محمود انصاری کیساتھ اپنی ایک خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔
دہشت گردو ں اور فسادیوں سے سمجھوتہ کیا نہ کرینگے: شہر یار آفریدی
Nov 07, 2018