حادثات کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے،مراد سعید

اسلام آباد(خبر نگار)وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعیدنے کہا ہے کہ قومی شاہرات او رموٹرویز نیٹ ورک پر بھاری گاڑیوں کے بغیر رکاوٹ سفر کی روانی کو یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔گڈز ٹرانسپورٹ ایجنسیوں اوردیگر تعلق داروں کی مشاورت سے موثر لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔انہوں نے گزشتہ روز وزارت مواصلات میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی،جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی ،چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک،وزارت مواصلات اور این ایچ اے سینیئر افسران اور گڈ ٹرانسپورٹ ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مراد سعید نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے ادارے ملک کے ٹرانسپوٹ سسٹم کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر اوورلوڈنگ کنٹرول کرنے اورسڑکوں پر دوران سفر درپیش مسائل کیلئے باہمی مشاورت اور تعاون سے آگے بڑھا جائے گا۔انہوں نے سڑکوں کی پلاننگ ،ڈیزائننگ ،اوورلوڈنگ،ٹرکوں کی اونچائی،لمبائی ،ڈرائیورز حضرات کی ٹریننگ او رہائی وے سیفٹی قواعد پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اوورلوڈنگ کے باعث نہ صرف حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں بلکہ سڑک کی رائیڈنگ کوالٹی بھی شدید متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے اثاثہ کو اوورلوڈنگ سے محفوظ بنانے اور سفر کرنے والوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے باہمی مشاورت سے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔بعدازاں وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید سے فاٹا سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فاٹامیں باجوڑ کی مین شاہراہ ،منڈا ۔محمد گڑھ سڑک،درگئی۔کوٹ روڈ او دیگر سڑکوں کی بہتری سے متعلقہ امور پر غور وخوض کیا گیا۔وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ فاٹا میں سڑکوں کی بہتری کیلئے فاٹا سیکرٹریٹ سے رابطہ سمیت ہر ممکن تعاون کیاجائے گا۔

ای پیپر دی نیشن