اسلام آباد(نا مہ نگار)رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام تحفظِ مریضاںکے موضوع پر تیسری بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی،وزارتِ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اسد حفیظ نے کہا ہے کہ وزارتِ صحت عنقریب تحفظِ مریضاں کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دے گی۔ وہ تحفظِ مریضاں کے موضوع پر تیسری بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس کا انعقاد رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ذیلی ادارے رفاہ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کیئر ایمپرومنٹ اینڈ سیفٹی نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال لاہور اور لاہور میڈیکل کالج اینڈ سکول آف ڈینٹسٹری لاہور کی میزبانی میں کیا۔ کانفرنس کا موضوع ’علم سے بہتری تک‘ تھا۔ کانفرنس کا افتتاح وفاقی پارلیمانی سیکرٹیری، نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نوشین حامد نے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صحت کی سہولیات میں بہتری لانے کے لئے صوبائی حکومتوں کی مدد کرے گی۔ اخوت فاؤنڈیشن کے بانی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے بورڈ ممبر ڈاکٹر امجد ثاقب نے طبی میدان میں مریضوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کمیشن کی تاریخ اور صوبے میں صحت کی سہولیات میں اضافے کے لئے کمیشن کے کردار پر روشنی ڈالی۔ جبکہ نیوی کے ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز میجر جنرل قمر الحق اور جنرل نعیم نقی نے تحفظِ مریضاں کے فروغ میں آرمڈ فورسز میڈیکل کور کے اقدامت کے بارے میں ا ٓگاہ کیا۔ لاہور میڈیکل کالج اور انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹسٹری کے پرنسپل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبد الخالق نوید نے تحفظِ مریضاں کی معیار کو بلند کرنے کے بارے میں گفتگو کی۔اس سے قبل رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر جناب حسن محمد خان نے کانفرنس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کانفرنس سے تحفظ مریضاں کے بارے میں طبی ماہرین کا نیٹ ورک بنانے میں مدد ملی گی اور معیاری طبی سہولیات حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔کانفرنس میں قومی اور بین الاقوامی ماہرین نے شرکت کی جن کا تعلق امریکہ، ترکی، ملائشیا، آسٹریلیا اوردنیا کے دیگر علاقوں سے تھا۔ اس کے علاوہ مختلف اداروں کے سربراہان، حکومتی عہدیداران، ملک کے معروف ہسپتالوں کے میڈیکل ڈائریکٹرز، فارماسیوٹیکل سیکٹر کے نمائندوں، ماہر تعلیم، ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی ایک بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔