فنڈز کی عد م دستیابی، وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز منصوبہ التواء کا شکار

Nov 07, 2018

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں جاری وزیر اعظم ایجوکیشن ریفارمز منصوبہ عملی طور پر بند ہو گیا ہے،423سکولوں میں تعمیر و مرمت کا کام مکمل نہ ہو سکا،تعلیمی اداروں کو فراہم کی گئیں بسیں بھی ڈرائیورز اور کنڈکٹرز نہ ہونے کی وجہ سے نہ چل سکیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ حکومت کی طرف سے اسلام آباد کے 423تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت کے لیے وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام شروع کیا گیا تھا،جس پر اربوں روپے خرچ کیے جانا تھے ،اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 20تعلیمی اداروں میں کام مکمل کر لیا گیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے میں 200تعلیمی اداروں اور تیسرے مرحلے میں203اداروں کی تعمیر مرمت کی جانی تھی لیکن نگران حکو مت کے دور میں اس پروگرام کے لیے فنڈز روکے جانے کی وجہ سے منصوبے کا کام بند ہو گیا تھا لیکن نئی حکومت بننے کے بعد بھی ابھی تک فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے ٹھیکیداروں نے کا م روک دیا ہے ،وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام میں سرکاری تعلیمی اداروں کو بسوں کی فراہمی بھی شامل تھی اور ایک سو سے زائد بسیں خرید کر اداروں کو دی بھی گئیں لیکن ان بسوں کے لیے ڈرائیورز اور کنڈکٹرز بھرتی نہیں کیے گئے ،اداروں سے کہا گیا کہ آپ بسوں کے لیے عملے کا انتظام خود کرلیں جبکہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اتنے فنڈز ہی نہیں ہیں کہ بسوں کے عملے کا انتظام کر سکیں اورآئین کا آرٹیکل 25اے ہمیں بچوں سے فیسوں کی وصولی سے بھی روکتا ہے۔، ڈیلی ویجز پر ہائیر کیے گئے ڈرائیورز اور کنڈکٹرز کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے زیادہ تر اداروں کی بسیں کھڑی ہیں، وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت جن اداروں میں کام مکمل کیا گیا تھا وہ بھی ناقص میٹریل کے استعمال کی وجہ سے خراب ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں