کفر کی نابودی کیلئے خانوادہ رسالت ؐ کے افکار وکردار کو مشعلِ راہ بنانا ہوگا،حامد موسوی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سپریم شیعہ علماء بور ڈ کے سرپرست اعلیٰ وتحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسنؑ مجتبیٰ کی سیرت و کردار انتشار و افتراق ،جنگ و جدال کے جھلسے ہوئے ماحول میں امن کی مہکار ہے جس پر عمل پیرا ہوکر بدترین انتشار کا شکار امتِ مسلمہ کے مسائل و مصائب پر قابو پایا جاسکتا ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے عالمگیر ہفتہ عظمتِ مصطفی و مجتبیٰ کی مناسبت سے یوم وصال النبی ؐ اور شہادتِ شہزادہ صلح و امن حضرت امام حسن ؑ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا ہے جو بدھ 28صفر کو مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جارہا ہے۔اس موقع پر دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں مرکزی ماتمی جلوسہائے تابوت برآمد ہونگے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا۔آقای موسوی نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ امام حسن و حسین ؑ کے ساتھ رسول خدا ؐ کی محبت محض رشتے کی وجہ سے نہ تھی بلکہ اس کردار کے سبب تھی جسکا مظاہرہ نبی ٔ کریم کے نواسوں نے آزمائش کے ہر مرحلے پر کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسن ؑ کی زندگی تعلیمات مصطفوی ؐ کی عملی تفسیر ہے، آپ کا ہر کلام ،ہر اقدام امتِ مصطفوی کیلئے درس حیات ہی نہیں راہ ِنجات بھی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن