لاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا استعفیٰ اور نئے انتخابات نوگوایر یا ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان مستعفی ہوں گے اور نہ ہی 2023سے پہلے عام انتخابات کا اپوزیشن کا خواب پورا ہوگا۔ دھرنا انشاء اللہ ضرورجلد ختم ہو جائیگا۔ اپوزیشن کے تمام جائز مطالبات کے حل کیلئے حکومت بھر پور اقدامات یقینی بنائے گی۔ ہم اپوزیشن سے ٹکراؤ نہیں چاہتے مولانا فضل الر حمن بھی منجھے ہوئے سیاستدان ہیں امید ہے انکی سوچ بھی یہی ہوگی۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں تحریک انصاف کے ایم پی اے سردار مہندرپال سنگھ، تحر یک انصاف کے ایم پی اے و چیئرمین فوڈ اتھارٹی پنجاب عمر تنویر بٹ، جنوبی پنجاب تحر یک انصاف کے صدر نور خان بھابھا، پاکستانی نژاد جرمن ممبر ہائیڈل برگ سٹی کونسل وسیم بٹ اور ایم پی اے عائشہ نواز چوہدری سمیت دیگر سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ یقین ہے کہ بہت جلد ان مذاکرات کے مثبت نتائج قوم کے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیابی معاشی پالیسوں کی وجہ سے ملک معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے، آج کاروباری افراد حکومتی پالیسیوں کے ساتھ کھڑے ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عمر فہمی القصرانی کی دورہ پاکستان کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ پاکستان کی بھر پور حمایت اور بطور رکن بر طانوی پارلیمنٹ برطانیہ میں چوہدری محمد سرور کی جانب سے فلسطین کی آزادی کیلئے کی جانیوالی کوشش کو سراہا۔ مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عمر فہمی القصرانی نے فلسطین کی بھر پور حمایت پر پاکستان کا بھر پور شکر یہ بھی ادا کیا۔