اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمنی حکومت اور عبوری کونسل کے درمیان الریاض میں طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔فریقین کے درمیان متذکرہ معاہدہ منگل کے روز سعودی دارلحکومت الریاض میں طے پایا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل نے کہا کہ معاہدہ یمن قضیے کے جامع سیاسی حل کی جانب ایک مثبت اور اہم پیش رفت ہے۔ عالمی ادارے نے یمن سے متعلق معاہدہ کرانے کے سلسلے میں سعودی عرب کی مصالحتی کوششوں کو بھی سراہا ہے۔ سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یو این ایلچی کو یمنیوں نے درمیان مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے لئے ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائے۔ نیز متعلقہ فریق یمنی قضیے کے حل کے سلسلے میں اسٹاک ہوم معاہدے پر عمل درآمد کریں۔ سلامتی کونسل نے مزید کہا ہے کہ ہم یمن کی آزادی، وحدت اور علاقائی سلامتی کا احترام کرتے ہیں۔