نوجوت سدھو کو ویزہ جاری، کرتارپور راہداری سے خطے کی تاریخ بدلے گی: ترجمان دفتر خارجہ

Nov 07, 2019 | 13:27

ویب ڈیسک

اسلام آباد: ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کو ویزا جاری کر دیا گیا ہے۔ امید ہے وہ تشریف لائیں گے، کرتارپور راہداری سے خطے کی تاریخ بدلے گی، بھارتی فوج ہندوتوا کے نظریے پر گامزن ہے، کشمیر کا مسئلہ ان کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

 ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارتی افواج کی بربریت کا سلسلہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ہے۔ 98 روز سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن ہے، امریکی ذیلی کمیٹی برائے جنوبی ایشیاء کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ خوش آئند ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات اور نئے نقشے صرف ڈیمو گرافی تبدیلی کی سازش ہے، پاکستان ان سیاسی نقشوں کو مسترد کرتا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا بھارت ہندوتوا نظریہ پر عمل پیرا ہے۔ باباگرونانک کے جنم دن پر پاکستان نے کرتارپور آنے والے یاتریوں کیلئے خصوصی پیکج بنایا ہے، یاتریوں کیلئے ویزہ، 10 روز قبل فہرستوں کے تبادلہ اور 20 ڈالر فیس کی شرط ختم کی گئی ہے، پاکستان 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کرے گا، پاکستان نے مقررہ وقت میں راہداری منصوبہ مکمل کیا ہے، بین الاقوامی برادری نے پاکستان کے ان خیر سگالی اقدامات کو سراہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کرتارپور راہداری ایک مخصوص ایریا ہے، جو بھی سیکھ یاتری کرتار پور آئیں گے وہ اسی دن واپس چلے جائیں گے، کرتار پور راہداری آنیوالے سکھ یاتری کسی اور علاقے میں نہیں جاسکیں گے۔

مزیدخبریں