پاکستان سپر لیگ ‘غیر ملکی کرکٹرز کراچی پہنچ گئے 

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ فائیو کے بقیہ میچز میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ لاہور قلندرز ٹیم کی نمائندگی کرنے والے انگلینڈ کے سمیت پاٹیل کراچی پہنچ گئے۔ کراچی پہنچنے کے بعد سمت پاٹیل کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلہ میں شرکت کیلئے کراچی پہنچے ہیں اور کوشش کرینگے کہ اس ایڈیشن میں اپنی لاہور قلندرز ٹیم کو چیمپئن بنائیں۔ پی سی بی نے ٹریننگ اور کرونا ٹیسٹنگ کا شیڈول فائنل کرلیا۔ غیر ملکی کھلاڑی آج بھی کراچی پہنچنا شروع ہونگے، ملتان سلطانز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد 8 سے 9 نومبر کے درمیان ہو گی۔کھلاڑیوں کو کرونا ٹیسٹ کروا کر آنے کی ہدایت کی گئی ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد پر بھی کرونا ٹیسٹنگ ہو گی، ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیمپ جوائن کرنے کی اجازت ہوگی۔پلے آف راؤنڈ میں شامل چاروں ٹیموں کے کھلاڑی 7 نومبر سے کراچی میں اکٹھا ہونا شروع ہونگے، ملتان سلطانز کی ٹیم کا پہلا ٹریننگ کیمپ پی سی بی کی فراہم کردہ جگہ پر 9 نومبر کو لگایا جائیگا۔ پلے آف راؤنڈ 14 اور 15 نومبر کو شیڈول ہے۔

ای پیپر دی نیشن