اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ون ونڈو احساس کی تشکیل کیلئے اجلاس طلب کیا، جس کا مقصد ون ونڈو معلومات اور خدمات کے متعدد پروگراموں تک رسائی کیلئے نقطہ نظر پیش کرنا تھا۔ اجلاس میں بی آئی ایس پی، پاکستان بیت المال، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ، ٹرسٹ فار والنٹری آرگنائزیشن، ایچ ای سی سمیت تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے تمام عملدرآمدی اداروں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس نے ون ونڈو آپریشن کیلئے ساختی منصوبہ تشکیل دیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ فرنٹ اینڈ اور بیک اینڈ پر مشتمل ہوگا۔ ہارڈویئر اور نمایاں فیزیکل احساس سینٹر، اینڈ رائڈ ایپ اور ویب انٹرفیس فرنٹ اینڈ جبکہ اوپن اے پی آئیز فن تعمیر کیساتھ رہنما پالیسی بیک اینڈ پر کام کرے گی۔ احساس فزیکل سنٹر اور ڈیجیٹل انٹرفیس کے پہلے مرحلے پر کام شروع ہوا ہے۔ ون ونڈو سٹاپ شاپ کے ذریعہ احساس کے135پروگراموں اور پالیسی اقدامات میں سے ایک کے طورپر اس اقدام کا مقصد آگاہی پیدا کرنا، احساس کے تحت فراہمی کو یکجا کرنا، شفافیت کو یقینی بنانا اور حکومت سے شہریوں تک خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ حکومت اسلام آباد میں پہلا احساس سینٹر اور مارچ 2021تک احساس ڈیجیٹل شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ احساس نے 14پسماندہ گروپوں کی نشاندہی کرتے ہوئے متعدد پروگرام متعارف کروائے ہیں اور اب وہ ون ونڈو سروس کا بھی آغاز کر رہا ہے۔ یہ اقدام سروس پوائنٹس، ڈیٹا سڑیمز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر متعدد پروگراموں کی کارکردگی اور ہم آہنگی کو بہتر بنائے گا۔