لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنے جلسوں میں مہنگائی اور بے روزگاری کے حق میں دلیلیں دے رہے ہیں۔ حکومت کو دو سال سے زیادہ کا عرصہ ہوچکا اب اسے سابق حکمرانوں کو کوسنے کی بجائے خود کچھ کرنا ہوگا۔ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف تحریک کا آغاز جماعت اسلامی نے خیبر پختونخوا سے کر دیا ہے۔ ہمارا ایجنڈا غریب آدمی کے مسائل کا حل اور ملک میں نظام مصطفیٰؐ کا نفاذ ہے۔ وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ ہم ملک کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن مافیا ہماری راہ میںرکاوٹ ہے جبکہ شوگر مافیا، لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا وزیر اعظم کے دائیں بائیں موجود ہے۔ کابینہ میں موجود اکثریت پر مقدمات ہیں اور نیب اس پر خاموش ہے لیکن وہ دن دور نہیں جب یہ لوگ جیلوں کے اندر ہوں گے۔ پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی ایک ہی راستے کے مسافر اور ایک ہی در کے فقیر ہیں۔ ان کا کسی پالیسی پر اختلاف نہیں ہے۔ صرف اقتدار اور اپنے مفادات پر اختلاف ہے ۔ ہم ملک میں قرآن و سنت کا نظام اور حقیقی جمہوریت کا قیام چاہتے ہیں۔ ہم اپنی آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ پاکستان چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے قومی اداروں کو متنازعہ بنایا۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں ضلعی امیر غلام رسول کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی خیبر پختونخو ا عبدالواسع، سابق امیر ضلع مولانا سلطان محمد، جنرل سیکرٹری سعید اختر ایڈووکیٹ، سابق صوبائی وزیر فضل ربانی، سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا عطاء الرحمن، میاں نادر شاہ، ڈسٹرکٹ بار کے صدر، تاجربرادری کے نمائندوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔