لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہا ئیکورٹ نے نئے سلیبس کے تحت میڈیکل کالجز میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے خلاف دائر درخواست پر وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے طلبہ کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں نئے سلیبس کی بنیاد پر ایم کیٹ کے ٹیسٹ پر اعتراض اٹھایا گیا ہے اور عدالت کو بتایا گیا کہ طلبہ نے پرانے سلیبس کے تحت تیاری کی ہے اور اب نئے سلیبس کے تحت تیاری ممکن نہیں ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 15 دنوں میں طلبہ نئے سلیبس کے ساتھ تیاری کیسے کریں گے۔ سرکاری وکیل نے جواز پیش کیا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے نیا سلیبس تیار کیا ہے۔ درخواستوں میں پرانے سلیبس کے تحت ایم کیٹ ٹیسٹ کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔