جاز کا ہیڈ آفس سیل کرنے پر ایف بی آر کوشدید تنقید کا سامنا 

اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)جاز (JAZZ) کا ہیڈآفس سیل کیے جانے پرآئی ٹی کے وفاقی وزیرسید امین الحق اور کاروباری حلقوں بشمول OICCIاورPBC کی جانب سے فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو(FBR)کو شدید تنقید کا سامنا ہے ،ایف بی آر نے گزشتہ ہفتے 25.393ارب روپے کے متنازعہ ٹیکس کی عدم ادائیگی کے الزام پر جاز کا مرکزی دفتر سیل کردیا تھا۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے آئی آر یونٹ کی جانب سے پاکستان موبائل کمیونیکیشن لمیٹڈ(PMCL)کو ٹیکس ادائیگی کا نوٹس جاری کیا گیا جس میں اسی دن چند منٹس کی مہلت کے اندر ہی ٹیکس جمع کرانے کے احکامات دے دیے گئے ،نوٹس کے تھوڑی دیر بعد ہی ایف بی آر کی ٹیم موبائل کمپنی کے کاروباری مرکزمیں داخل ہوئی اور ملازمین کوفوری طورپر دفتر خالی کرنے کا حکم دے دیا۔اس کارروائی کے حوالے سے جاز کے ترجمان کا کہنا تھاکہ ’’یہ کارروائی متنازعہ رقم کے لئے ٹیکس کی وصولی کے ایک ایسے نوٹس کی استدعا پر کی گئی ہے جس کامعاملہ عدالت میں ہے۔وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق نے جاز کے دفتر کو سیل کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہاکہ ایسے واقعات مستقبل میں پاکستان کے اندر بیرونی سرمایہ کاری لانے کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن