لاہور (نیٹ نیوز) ماحولیاتی بہتری کے لیے کام کرنے والی شہرت یافتہ نوجوان سویڈش لڑکی گریٹا تھنبرگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کا ہی بیان شیئر کر کے بدلہ لے لیا۔ 11 ماہ قبل جب گریٹا تھنبرگ کی تصویر ٹائم میگزین کے سرورق پر شائع ہوئی تو ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ بات بالکل بھی نہ بھائی اور انہوں نے گریٹا تھنبرگ کو بھیجی گئی ایک مبارکبادی ٹویٹ کے جواب میں لکھا، بہت مضحکہ خیز، گریٹا پہلے اپنے غصے پر قابو پانے کے لیے کام کرنا چاہیے اور پھر کسی دوست کے ساتھ ایک پرانی فلم دیکھنے کے لیے جانا چاہیے!۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام کے آخر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی لکھا چِل گریٹا چِل۔ اب صدر ٹرمپ کی جانب سے مختلف ریاستوں میں انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کے بیان پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے اور اب ماحولیات کے لیے کام کرنے والی نوجوان لڑکی گریٹا تھنبرگ نے بھی موقع پر چوکا لگاتے ہوئے پرانا حساب چکتا کر لیا ہے۔ سویڈش طالبہ گریٹا تھنبرگ نے بھی صدر ٹرمپ کو سوشل میڈیا پر انتخابی نتائج پر ٹھنڈا رہنے اور غصے کو قابو میں رکھنے پر زور دیتے ہوئے ان کا 11 ماہ پرانا پیغام شیئر کیا ہے جس کے آخر میں انہوں نے بھی ’چِل ڈونلڈ چِل‘ لکھا۔