لاہور (نیوز رپورٹر + این این آئی) ہماری کسی سے ذاتی مخالفت نہیں ہے بلکہ یہ نظریے کا فرق ہے۔ اپوزیشن حکومت کے بارے میں جھوٹا پراپیگنڈا کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ اسی طرح ہے جیسے اصلی برانڈ کو جعلی کا لیبل لگا کر بدنام کیا جائے اور جعلی برانڈ کو صرف مارکیٹنگ کے ذریعے اصلی بنا کر پیش کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور، ڈی جی پی آر ڈاکٹر اسلم ڈوگر اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اس حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ کسی بھی نظام میں جواب دہی کا عمل نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اتحادی ہماری طاقت اور سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور تحریک انصاف پنجاب ہو یا وفاق اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے کیلئے پر عزم ہے۔ توقعات سے جڑا کوئی عمل جس سے کسی کی دل آزاری ہوئی اسے کسی بھی وقت ٹھیک کیا جا سکتاہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حوالے سے جو سوچ اور خیال بنایا گیا ہے حقائق اس کے برعکس ہیں۔ وزیراعظم عمران خان لیڈر کے طور پر روڈمیپ دیتے ہیں اور ان کی جو پالیسیاں ہیں وزیراعلیٰ پنجاب ان کے سپاہی بن کر اس پر عملدرآمد کراتے ہیں۔