راولپنڈی(وائس آف ایشیا)پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج بروز ہفتہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کھیلا جائے گا۔میڈیکل ٹیم کے مطابق قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی انجری میں بہتری آرہی ہے تاہم انہیں مزید آرام دینے کا فیصلہ کیاگیا، اس لیے نوجوان آل رائونڈر پہلا ٹی ٹونٹی میچ نہیں کھیلیں گے ،پہلے میچ میں بیٹسمین عبداللہ شفیق یا لیگ اسپنر عثمان قادر کا ڈیبیو متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں نے ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاریوں کیلئے بیٹنگ ،بولنگ اور فیلڈنگ کی خوب پریکٹس کی۔سیریز کی تیاریوں کے دوران دونوں ٹیموں نے فیلڈنگ کی خامیاں دور کرنے پر خصوصی توجہ دی ۔پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ عبدالمجید نے طویل سیشن میں کھلاڑیوں کو اونچے کیچز کی پریکٹس کرائی، بائونڈری کے قریب سے گیند تھرو کرنے اور وکٹوں کو نشانہ بنانے کی مشق بھی کرائی گئی۔خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی،موسٰی خان، حارث رئوف اور ظفر گوہر کو خاص طور پر متحرک رکھا گیا،وکٹ کیپرز محمد رضوان اور روحیل نذیر نے الگ سیشنز کیے۔میدان کے وسط میں موجود پریکٹس پچ پر فخرزمان،عبداللہ شفیق، حیدر علی اور افتخاراحمد نے پاور ہٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، بابر اعظم نے پہلے پیسرز بعد میں اسپنرز کا سامنا کرتے ہوئے دلکش اسٹروکس کھیلے، حالیہ سیریز میں پہلا میچ کھیلنے کے منتظر محمد حفیظ نے وسطی پچ پر بیٹنگ کے ساتھ میدان کے ایک طرف لگائے نیٹ میں الگ سیشن بھی کیا۔شاہین شاہ آفریدی،وہاب ریاض،حارث رئوف، محمد حسنین اور موسٰی خان نے لائن و لینتھ بہتر بنانے پرکام کیا، عماد وسیم، عثمان قادر اور ظفر گوہر نے اسپن کاجادو جگانے کی کوشش میں مختلف تجربات کیے۔شاداب خان ہلکی پھلکی ٹریننگ کرتے رہے لیکن پریکٹس نہیں کی، بعد ازاں پی سی بی نے تصدیق کردی کہ محدود طرز کی کرکٹ میں نائب کپتان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت نہیں کریںگے۔