جڑانوالہ+جہلم + دینہ (نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگاران) ساتھ جئیں گے ساتھ مریں گے۔ محبت میں ناکامی پر جوڑے نے گولیاں کھا لیں۔ لڑکی اور لڑکا دونوں جاں بحق، آج لڑکی کی بارات آنا تھی گھر میں انتظامات کے طور پر ٹینٹ بھی لگائے گئے شادی والے شامیانے سوگ میں بدل گئے۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر کے نواحی گائوں 21گ ب کے محمد رمضان کا جواں سالہ بیٹا عدنان گاؤں کی جواں سالہ لڑکی مقدس بی بی سے مبینہ طور پر شادی بیاہ کے وعدے وفا کرنا چاہتا تھا آج مقدس بی بی کی شادی انجام پانا تھا۔ بارات کا انتظار کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران اچانک مقدس بی بی اور اس کے ناکام عاشق عدنان نے مل کر زہریلی گولیاں کھالیں حالت غیر ہونے پر انہیں فوری طور پر ہسپتال لایا گیا جہاں یہ دونوں جانبر نہ ہو سکے۔ مبینہ طور پر بلیک میلنگ سے تنگ شخص نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی ہے۔ تھانہ ڈومیلی کی حدود میں واقع گاؤں کے افضال کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جو پولیس کو بیان دینے کے بعد جاں بحق ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق افضال کے محلے دار نے اس کی بیوی کی غیراخلاقی ویڈیوز بنائی ہوئی تھیں۔ ویڈیوز کو وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر وہ افضال کو بلیک میل کر کے پہلے دو بار پیسے وصول کر چکا تھا۔ اب پھر افضال کو پیسوں کیلئے بلیک میل کر رہا تھا تو افضال نے تنگ آکر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس کو ہسپتال میں آخری وقت میں افضال نے ویڈیو بیان دیتے ہوئے خودکشی کرنے کی وجہ کا انکشاف کیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ متوفی افضال 2 بچیوں کا باپ تھا۔