مہنگائی چیلنچ ،اپوزیشن کے احتجاج سے ترقی کا سفر نہیں رک سکتا:شاہ محمود

Nov 07, 2021


ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیڈ گورننس‘ کرپشن اور انتقامی سیاست کا سیاہ باب ختم اور ملکی ترقی و وقار کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ جو اپوزیشن کے جلسوں و احتجاج سے نہیں رک سکتا۔ اپوزیشن کے پاس شور مچانے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔ اس کے برعکس حکومت کے پاس عوامی ترقی کا ایک بہت بڑا ایجنڈا ہے۔ وزیراعظم کے ریلیف پیکج کا اصل مقصد عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینا اور عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیاء خوردونوش فراہم کرنا ہے۔ اس سے عوام کی ایک بہت بڑی تعداد مستفید ہوگی۔ اپوزیشن بتائے اس نے گزشتہ تیس برس میں عوام کو کونسا ریلیف فراہم کیا۔ مہنگائی ہماری حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ جس پر قابو پانے کیلئے کام کررہے ہیں اور بہت جلد حالات بہتر ہونگے۔ اندرون و بیرون ملک بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ خلوص نیت‘ ایمانداری اور دیانتداری سے ملک کی خدمت کے جذبے کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری‘ صو بائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی و پی ٹی آئی کارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کی خواہش ہے کہ مہنگائی کو ایشو بنا کر عوام کو سڑکوں پر لایا جائے۔ عوام اپوزیشن کی چالوں کو خوب سمجھتے ہیں۔ عوام اب خالی نعروں پر یقین نہیں رکھتی۔ اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا، لوگوں نے اپوزیشن کے احتجاجی جلسوں کو مسترد کر دیا ہے۔ سابقہ ادوار کی بدترین معاشی پالیسیوں کے نتائج قوم اب بھگت رہی ہے۔ ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت برآمدات، محصولات، زراعت اور صنعت میں نمو سمیت پاکستان کے تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں۔ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کررہے ہیں۔ جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا دورہ سندھ کامیاب رہا۔

مزیدخبریں