اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنی چاہئے: گورنر سرور


چیچہ وطنی(نامہ نگار)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ برصغیر ایشیاء  کے عظیم روحانی پیشوا خواجہ صوفی اللہ داد سہو کے 134 ویں سالانہ عرس مبارک پر حاضری میرے لئے فخر کی بات ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ بہت بڑا علم حاصل کرنے سے زیادہ سکون اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں مشائخ عظام کی محفلوں میں ملتا ہے بزرگانِ دین نے ہمیشہ اپنی زندگیاں اسلام کے لیے وقف کیں لوگوں کے دلوں کو اللہ تعالیٰ کے ذکر سے منور کیا  اسی لیے لوگ آج بھی بزرگانِ دین کی درگاہوں سے مستفید ہو رہے ہیں موجودہ دور میں دنیا بھر میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہے ہیں اور بدقسمتی سے امت مسلمہ خاموش ہے ان تمام پریشانیوں کا حل اللہ تعالیٰ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے، ہم سب کو اسلام کے جھنڈے تلے اکٹھے ہونے کا وقت آ گیا ہے آپس میں اتفاق اتحاد اور باہمی بھائی چارے کی فضا قائم کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ فاضل میں عظیم روحانی پیشوا حضرت خواجہ صوفی اللہ داد سہو کے 134 ویں 2  روزہ عظیم الشان عرس مبارک میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور رائے ہائوس پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما رائے حسن نواز خاں اور ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال ایڈووکیٹ، چیئرمین میونسپل کمیٹی رانا محمد اجمل خاں، صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ ساجد محمود، سینئر نائب صدر محمد حارث دانش،جنرل سیکرٹری آصف سعید چوہدری سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔

ای پیپر دی نیشن